• Tue. Apr 22nd, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

خیبر پختونخوا حکومت چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کیلئے متحرک ہو گئی

Apr 22, 2025

سندھ اسمبلی میں دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے خلاف قرارداد کی منظوری کے معاملے پر خیبر پختونخوا حکومت چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کیلئے متحرک ہو گئی۔

محکمہ آبپاشی خیبر پختونخوا نے سفارشات منظوری کے لئے وزیراعلیٰ علی امین کو بھیج دیں جن میں وزیراعلیٰ سے صوبائی اسمبلی سے قرارداد پاس کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

سفارشات میں کہا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی کی قرارداد سے چشمہ رائٹ بینک کینال کا منصوبہ حذف کرنے کا مطالبہ کیاجائے، سندھ اسمبلی سے پاس ہونے والی قرارداد کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھایا جائے۔

دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے میں خیبر پختونخوا کا پانی استعمال ہو گا، وفاقی حکومت نے 30 سال بعد چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کی منظوری دی، منصوبے کے فنڈز پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے اداکئے جانے تھے تاہم وفاق نے ایسا نہیں کیا۔

اس حوالے سے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبہ خیبر پختونخوا کا حق ہے۔ سندھ حکومت اپنا مقدمہ لڑے ، چشمہ رائٹ بینک کینال سے باز رہے۔