اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ سیاستدان کو انتخابات اور موت کے لیے ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب توہین عدالت کیس مقرر نہ ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے۔ جہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2 دن پہلے درخواست دائر کی تھی لیکن تاحال ہماری درخواست مقرر نہیں کی گئی۔ جبکہ درخواست پر ڈائری نمبر بھی لگ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2 دن پہلے ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور قیادت موجود تھی۔ چیف جسٹس کے پاس پیش ہونا چاہا مگر وہ شاید جمعہ کی وجہ سے چلے گئے تھے۔
عمر ایوب نے کہا کہ پٹیشن کو ڈائری نمبر لگا دیا گیا ہے مگر وہ ابھی تک فکس نہیں ہوئی۔ پہلے بھی ہمارے کیس یہاں پر لگتے رہے ہیں۔ اس کے بعد ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ اور اُس وقت کوئی زمین آسمان اوپر نیچے نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر پی ٹی آئی کی قیادت جو گرفتار ہیں وہ سیاسی قیدی ہیں۔ اور مجھ پر بسکٹ چوری تک کے کیس لگائے گئے ہیں۔ ہم لوگ یہاں آئے ہیں اور انصاف کے لیے عدالت کا دروازہ ہی کھٹکھٹائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم ریاست کا حصہ ہیں۔ لیکن ریاست کی جو تعریف یہ لوگ کرتے ہیں وہ یکسر مختلف ہے۔ عقل کے اندھوں سے کہتا ہوں کے آئین کا مطالعہ کر لیں تو سمجھ آئے گا کہ ریاست کیا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدان کو انتخابات اور موت کے لیے ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔ پی ڈی ایم حکومت میں ہم نے دھاندلی کیسے کر لی؟ جبکہ میرے خلاف امیدوار ہار مان چکے ہیں لیکن ریموٹ کنٹرول والوں کو چین نہیں آرہا۔