• Fri. Nov 22nd, 2024

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

اسٹریٹجک مذاکرات؛ چین کی پاکستان کو خود مختاری و مسئلہ کشمیر پر حمایت کی یقین دہانی

May 15, 2024

بیجنگ: چین اور پاکستان کے درمیان بیجنگ میں اسٹریٹجک مذاکرات کا پانچواں دور ہوا جس میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے مفادات کے تحفظ، جغرافیائی سرحدوں کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

میڈیا کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان بیجنگ میں اسٹریٹجک مذاکرات کا پانچواں دور ہوا جس کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ چین اور پاکستان تزویراتی شراکت دار ہیں ہماری دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے جو کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہورہی ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہیں جوکہ باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔

چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، چین کی ون چائنا پالیسی پر پاکستان کا موقف قابل تحسین ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ چینی ہم منصب سے سی پیک سمیت دیگر موضوعات پر بات چیت ہوئی، چین کی مہمان نوازی کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، مسئلہ کشمیر پر چین کے مسلسل حمایت کرنے پر اس کے شکر گزار ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات میں چین اور ہمارے درمیان کئی امور پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان تائیوان اور جنوبی بحیرہ چین سمیت تمام بنیادی امور پر چین کی حمایت جاری رکھے گا جب کہ چین نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی و جٖغرافیاتی سلامتی کے حوالے سے حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔