اسلام آباد ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے این اے 48 سے کامیاب مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ خرم نواز پر 15 ہزار کا جرمانہ عائد کیا۔
اسلام آباد کے حلقوں کیلئے قائم الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری نےآج این اے 48 اور این اے 46 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔
این اے 48 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپیل کی سماعت کے دوران آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھر اور پی ٹی آئی امیدوار علی بخاری کے فارم 45 میچ کرگئے۔
دوران سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے پوچھا کہ ریٹرننگ افسر 20 تاریخ کو پیش کیوں نہیں ہوئے؟ آر او آخری بار عدالت میں کیوں پیش نہیں ہوا؟ مجھے اس بات کا جواب چاہیے، آر اوز کا علیحدہ کردار ہے اور پریذائیڈنگ افسران کا علیحدہ کردار ہوتا ہے۔
جسٹس طارق محمود نے کہا کہ آج بھی ریٹرننگ افسر نہیں آئے،کل والا آرڈر کرتے ہیں، 15ہزار روپے کا جرمانہ عائد کرتے ہیں، چھوٹی چیزوں پر جھگڑا نہیں کریں جو اصل چیز ہے اس پر بات کریں، ہم نے اس بات پر فوکس کرنا ہےکہ الیکشن شفاف ہوا ہے یا نہیں۔
عدالت نے سماعت کے دوران پیش نہ ہونے پر این اے 48 سے کامیاب مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ خرم نواز پر بھی 15 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا ہمیں کچھ چیزیں ہائیکورٹ کے آرڈرز سے متعلق مل نہیں سکیں، اس پر الیکشن ٹربیونل کے جج نے کہا کہ ہم آرڈر کردیتے ہیں آپ کو الیکشن ٹربیونل سے متعلق تمام چیزیں ملیں گی۔
الیکشن کمیشن نے فارم 45,46,47 کی سرٹیفائیڈ کاپی عدالت میں جمع کروا دیں۔