وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بیلا روس کا دورہ بہت مفید رہا ،زراعت کے حوالے سے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے ،معدنیات کے حوالے سے بھی مشینری بیلا روس میں بنتی ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ پنجاب اسپیڈ بھی پاکستان اسپیڈ تھی،اب سپر پاکستان اسپیڈ ہے،اجتماعی کاوشوں اور قوم کی دعاؤں سے ہم یہ منزل حاصل کریں گے۔
پاکستان کے عوام ،افواج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،پاکستان میں معدنیات کےبے پناہ ذخائر موجود ہیں ،کان کنی کیلئے مشینری کے حوالے سے بات چیت بھی ہوئی ہے۔
ڈیڑھ لاکھ پاکستانی ہنر مند افراد کو بیلا روس بھیجنے کی بات ہوئی ہے ، نواز شریف کی لیڈر شپ میں قوم کی خدمت کر رہےہیں ،ترقی کرتا اور خوشحال پاکستان ہماری منزل ہے۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ برادر ملک ہے ،یہ ہم پر منحصر ہے کہ اچھے ہمسائیے کی طرح رہنا ہے یا تنازع پیدا کرنا ہے،کئی بار افغان حکومت کو دوحہ معاہدے کی یاد دہانی کرائی ہے،افغان حکومت دہشت گرد تنظیموں پر لگام ڈالےاوراپنی دھرتی کے استعمال کی اجازت نہ دے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز کنونشن کاآغاز آج ہوچکا ہے ،کنونشن میں اوورسیز پاکستانی آئیں گے،اوورسیز پاکستانی دن رات محنت کر کے پاکستان کا نام روشن اوراربوں ڈالر پاکستان بھیجتے ہیں،کنونشن میں ان کے جائز مطالبات کو غور سے سنیں گے۔