اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کیس میں عدم پیشی پر فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔
الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کی توہین سے متعلق بانی پی ٹی آئی اور فوادچوہدری کے خلاف کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں شعیب شاہین کے معاون وکیل کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
دوران سماعت ڈپٹی ڈائریکٹر لاء الیکشن کمیشن صائمہ جنجوعہ نے کہا کہ ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کیلئے اس کیس میں کوئی حکم امتناع نہیں، جنوری میں آخری بار ہائیکورٹ میں اس کیس کی سماعت ہوئی تھی، ہائیکورٹ نے حتمی آرڈر پاس کرنے سے روکا تھا لیکن کارروائی کی جاسکتی ہے۔
سماعت کے دوران ممبر الیکشن کمیشن نے پوچھا کہ فواد چوہدی کہاں ہیں، ان کے وکیل کہاں ہیں،کیا ہم ان کا وارنٹ نکالیں؟ اس پر معاون وکیل نے بتایا کہ فواد ہائیکورٹ میں مصروف ہیں، ان کے وکیل فیصل چوہدری بھی کورٹ میں ہیں۔
ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ فواد چوہدری تو جیل میں نہیں ان کا وارنٹ نکالتے ہیں، وکیل کی حاضری سے استثنیٰ تو چل جائے گی لیکن فواد چوہدری کہاں ہیں ، ہم ان کے معاملے پر فیصلہ کرتے ہیں۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔