عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ جو بدمعاشی کرے گا اس سے بدمعاشی سے بات کریں گے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018ء میں فیض حمید نے پی ٹی آئی کو سپورٹ کیا، پی ٹی آئی حکومت بننے میں فیض حمید کا کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز رشین فیڈریشن کی اسپیکر آئی تھیں اور قائدِ حزب اختلاف نہیں تھے، پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر موجود تھے مگر قائدِ حزب اختلاف آتے تو ٹھیک تھا۔
سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ قائدِ حزب اختلاف اسرائیل کی مذمت کریں، اگرچہ ان کی جماعت پر الزام ہے مگر مجھے یقین ہے کہ وہ مذمت کریں گے، بیرسٹر گوہر کو پارٹی کا چیئرمین بنایا گیا لیکن کوئی ان کی بات نہیں مانتا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے بڑوں پر فخر ہے، شبلی فراز کے والد احمد فراز پر بھی فخر ہے، جس عمر میں سیاست شروع کی اس وقت ان کے لیڈر کے کرتوت کیا تھے؟
ایمل ولی خان کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی ممبران نے احتجاج بھی کیا۔