وفاقی کابینہ نے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ کرنے، ہراسانی کے واقعات میں ملوث افراد اور افواہیں پھیلانے والوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی رولز کی منظوری دے دی جس کے مطابق ریاستی اداروں اور سرکاری شخصیات کے خلاف پروپیگنڈے پر سخت کارروائی ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 11 ماہ بعد این سی سی آئی اے پورے اختیارات کے ساتھ فعال ہو گئی ہے، این سی سی آئی اے سائبر کرائمز کے خلاف کارروائی کیلئے عالمی اداروں سے رابطے کی مجاز ہو گی۔ سائبر کرائمز میں ملوث افراد کو 5 تا 15 سال سزا اور بھاری جرمانہ ہو سکے گا۔
نگراں حکومت نے دسمبر 2023 میں این سی سی آئی اے قائم کرنے کی منظوری دی تھی، ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ ختم ہو جائیں گے اور متعلقہ افسران ایک سال تک اتھارٹی میں خدمات دیں گے.