خیبر پختون خوا کے ضلع شانگلہ میں بچھڑے پر تشدد میں ملوث دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا ٹک ٹاک پر مقامی سیاحتی مقام بریم بانڈہ شاہپور میں دو لڑکوں کی جانور پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جانور کو اٹھاکر زمین پر بے دردی سے پھینکا جارہا ہے۔
ضلعی پولیس سربراہ شانگلہ عمران خان نے ویڈیو کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او الپوری اور ایس ایچ او تھانہ کروڑہ کو ملزمان کی گرفتاری کی ہدایات دیں۔
مقامی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جانور کے ساتھ ظلم کرنے پر شاہ پور کے رہائشی دو ملزمان حشمت اور ابرار کے خلاف تھانہ کروڑہ میں مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔