پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں شاندار ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
ہفتے کے روز راولپنڈی میں ہونے والی سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے، جس کا تعاقب پاکستان نے بھرپور انداز میں کیا۔
قومی ٹیم کی کامیابی میں سب سے نمایاں کردار صاحبزادہ فرحان کی دھواں دار بیٹنگ کا رہا۔ انہوں نے 45 گیندوں پر ناقابلِ شکست 80 رنز بنائے، جس میں 5 بلند و بالا چھکے بھی شامل تھے۔ ان کی اس شاندار کارکردگی کے ساتھ وہ ایک ہی کیلنڈر ائیر میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 100 چھکے جڑنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے، جو ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔
سہ ملکی سیریز میں آج پاکستان کا مقابلہ زمبابوے سے ہوگا۔
