پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں، جس کے تحت ضلع خیبر کی تحصیل وادی تیراہ کے میدان، دوتوئی اور ملحقہ علاقوں میں آج پیر 17 نومبر کو مکمل کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کرفیو صبح 6 بجے سے شام تک برقرار رہے گا۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور حکومتی احکامات پر عمل کریں۔ حکام کے مطابق کرفیو کا مقصد علاقے میں امن و امان کو مستحکم کرنا اور ممنوعہ منشیات کی سرگرمیوں کی روک تھام ہے۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان میں بھی گزشتہ دو دنوں کے دوران ہر قسم کی عوامی آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس دوران تمام مرکزی شاہراہیں اور ذیلی راستے بند رہیں گے، جبکہ نقل و حرکت کی اجازت صرف سیکیورٹی فورسز اور مجاز حکام کو ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تاہم ضروری سروسز اور ہنگامی صورتحال کے لیے سرکاری ٹیمیں چوبیس گھنٹے موجود رہیں گی۔
