• Fri. Nov 22nd, 2024

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

عالمی یوم مزدور، خیبرپختونخوا کا مزدور آج بھی دیہاڑی میں‌مصروف

May 1, 2024

عالمی یوم مزدور کے حوالے سے ملک بھر کی طرح کوہاٹ، لکی مروت، نوشہرہ، صوابی اور مردان سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
ضلع کوہاٹ میں یوم مزدور کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شریک مزدوروں کا کہنا تھا کہ مزدور آج بھی اپنی مزدوری میں مصروف ہے جبکہ ان سے وعدے کرنے والے آج چھٹی منا رہے ہیں۔
مزدور یونینز کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں مزدوروں کی اجرت بڑھانے اور ان کو حقوق دلانے کے وعدے کرتی ہیں لیکن اقتدار میں آتے ہی سب کچھ بھلا دیا جاتا ہے۔
اس موقع پر مزدوروں نے مطالبہ کیا ہے کہ ارباب اقتدار و اختیار کو یوم مزدور پر چھٹی منانے کی بجائے مزدوروں کی خوشحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں تھے۔
ضلع لکی مروت میں بھی خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر تقریب کے شرکاء کا کہنا تھا کہ یکم مئی کو عالمی یوم مزدور منایا جاتا ہے تاہم یہاں عملی اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔
مزدوروں کا اس دن کہنا تھا کہ حکام سب کچھ بھلا بیٹھے ہیں۔
عالمی یوم مزدور کے باعث آج کے دن نجی و سرکاری ادارے بند ہیں تاہم لکی مروت کے مزدور آج بھی چھٹی کا دن منانے کی بجائے اپنے کام میں مصروف ہیں۔
یہی حال ضلع نوشہرہ کا بھی ہے۔ عالمی یوم مزدور پر چھٹی اعلیٰ حکام اور دیگر ادارے منا رہے ہیں جبکہ مزدور آج کا دن بھی مزدوری کر رہا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نوشہرہ میں آج تمام مزدور کام پر گئے اور لاکھوں روپے تنخواہ لینے والے ملازم چھٹی پر ہیں۔
ضلع صوابی میں یکم مئی یوم مزدور کی مناسبت سے پاکستان ورکرز فیڈریشن اور دیگر تنظیموں کی جانب سے واک اور امن چوک پر تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
مزدوروں کا اس موقع پر پیغام میں کہنا تھا کہ مزدور آج کے دن بھی اپنی مزدوری میں لگا ہوا ہے جبکہ ان سے وعدے وعید کرنے والے چھٹی منا رہے ہیں۔
ضلع مردان میں بھِ مزدور آج کے دن سے بے خبر مزدوری کرنے میں لگے ہیں ۔
اس موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں مزدوروں نے کہا کہ مزدوری نہیں کرینگے تو بجلی اور گیس کے بل کہاں سے جمع کریں گے۔