چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز پرویز خٹک نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور بھڑکیں نہ ماریں، مجھے اپنے صوبے میں کوئی بند نہیں کرسکتا۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ میں کسی کے خلاف نہیں۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کی کارروائی میں جو ہوا وہ بولوں گا، اس وقت کی پوری کابینہ اجلاس کی کارروائی کی گواہ ہے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور بھی اس وقت کی کابینہ کا حصہ تھے، وہ بھی عینی شاہد ہیں۔ نہ ہی میں نے کبھی جھوٹ بولا، نہ ہی جھوٹ بولوں گا، میں علی امین کو اور علی امین مجھے بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچھ لوگ ہیں جو سچ برداشت نہیں کر سکتے، میرا تعلق بھی خٹک قبیلے سے ہے، مجھے اپنے صوبے میں کوئی بند نہیں کر سکتا۔ مجھ پر کسی کا احسان نہیں تو احسان فراموش کیسے ہو سکتا ہوں؟
انہوں نے مزید کہا کہ 2013 میں اپنی محنت سے کم ممبران پر مشتمل حکومت بنائی، کسی نے احسان کر کے وزیرِ اعلیٰ نہیں بنایا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی نے پرویز خٹک پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک بندہ جھوٹی گواہی دے گا اور گھومے گا۔ اس نے پارٹی چھوڑی، احسان فراموشی کی، لوٹا بنا، یہ جھوٹی گواہیاں دے گا تو اس طرح سگریٹ پھونکتا نہیں پھرے گا۔