پاکستان تحریک انصاف کے رہنما انتظار پنجوتھا کا کہنا ہے کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان نے عمران خان سے مذاکرات کی درخواست کی تھی جسے بانی پی ٹی آئی نے قبول کر لیا۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انتظار پنجوتھا نے دعویٰ کیا کہ محمود خان اچکزئی نے مذاکرات کےحوالے درخواست کی تھی جس کی بانی پی ٹی آئی نے اجازت دے دی ہے۔
انتظار پنجوتھا کا کہنا تھا اگر محمود خان اچکزئی سمجھتے ہیں کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے بات چیت کرنی ہے تو وہ پی ٹی آئی کو اس حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی کو مذاکرات کا مینڈیٹ دیا ہے تو وہ اپنی بات پر بھی قائم رہیں گے، اب یہ محمود خان اچکزئی پر منحصر ہے کہ انہوں نے کس کے ساتھ ڈائیلاگ کرنے ہیں۔
دوسری جانب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا اگر کسی کو رہائی چاہیے یا مینڈیٹ تو بات چیت کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، اگر ہمیں لگا کہ پی ٹی آئی مذاکرات چاہتی ہے تو یقین رکھیں کہ ہم انکار نہیں کریں گے۔