قومی اسمبلی میں تلخ کلامی کے معاملے پر طارق بشیر چیمہ نے زرتاج گل سے معافی مانگ لی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی زرتاج گل نے طارق بشیر چیمہ کی معافی قبول کرلی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے معاملہ ختم کرادیا، جس پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسپیکر کا شکریہ ادا کیا۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اراکین سمیت تمام فریقین نے اسپیکر کے کردار کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ق) کے طارق بشیر چیمہ اور پی ٹی آئی حمایت یافتہ رکن قومی اسمبلی زرتاج گل کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
واقعے کے بعد سنی اتحاد کونسل کے نمائندے اسپیکر کے چیمبر میں پہنچ گئے۔
اس حوالے سے شاہد خٹک نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ نے سیٹ پر آکر زرتاج گل کو نازیبا الفاظ کہے، زرتاج گل اسپیکر چیمبر میں رو رہی ہیں۔
اس سے قبل قومی اسمبلی میں طارق بشیر چیمہ کی تقریر کے دوران زرتاج گل بہاولپور کا ذکر کرتی رہیں، وہ طارق بشیر چیمہ کو بہاولپور یونیورسٹی تصویر اسکینڈل کا حوالہ دیتی رہیں۔
طارق بشیر چیمہ اپنی تقریر کے بعد زرتاج گل کی نشست کی طرف بڑھے تھے اور انہوں نے زرتاج گل کو کچھ الفاظ کہے تھے۔
طارق بشیر چیمہ کے زرتاج گل کو کہے الفاظ پر سنی اتحاد کونسل کے ارکان بھڑک اٹھے تھے، سنی اتحاد کونسل کے اراکین طارق بشیر چیمہ کی طرف لپکے تھے۔