• Sat. Apr 5th, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

قوم کو سستی بجلی اور پیٹرول دینے والا قید، مہنگائی کرنے والے آزاد ہیں، بیرسٹر سیف

Apr 4, 2025

پشاور:

ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ قوم کو سستی بجلی اور پیٹرول دینے والا قید جب کہ  مہنگائی کرنے والے آزاد ہیں۔
وزیراعظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ جو شخص قوم کو 15 روپے فی یونٹ بجلی فراہم کر رہا تھا، آج جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے، جب کہ 40 روپے فی یونٹ بجلی دینے والے حکمران عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دوسرا جرم یہ تھا کہ اُس نے قوم کو 150 روپے فی لیٹر کے حساب سے پیٹرول دیا، جسے اب 300 روپے تک پہنچا دیا گیا ہے۔

حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عوام کو صرف 7 روپے کے ریلیف کا جھانسا دیا جا رہا ہے، لیکن کوئی یہ نہیں بتاتا کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں اس قدر بلند کیوں ہوئیں اور کس نے انہیں عوام کی پہنچ سے باہر کر دیا؟

ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں حالیہ دنوں مزید 7 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، مگر اس کمی کا کوئی فائدہ پاکستانی عوام کو نہیں پہنچایا جا رہا۔ ڈاکٹر سیف نے زور دے کر کہا کہ اگر بین الاقوامی قیمتوں کو مدِنظر رکھا جائے تو پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 100 روپے سے بھی کم ہونی چاہیے۔

اپنی گفتگو میں انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کی طرح جعلی ریلیف دینے کے بجائے عوام کو اصل اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جائے، کیونکہ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔

ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش معاشی بحران کا واحد حل شفاف قیادت اور حقیقی عوامی نمائندوں کے ذریعے ممکن ہے، جو عوام کو ریلیف دینا جانتے ہوں، نہ کہ صرف دعوے کرتے ہوں۔