امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں وہ محفوظ رہے۔
اس حملے کے بعد عالمی سطح پر ردعمل سامنے آنے سے قبل ہی چینی کمپنیوں کا منفرد ردعمل بھی سامنے آیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے بعد امریکی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 31 منٹ پر ان کی ایک تصویر جاری کی گئی جس میں سابق صدر مکا لہرا رہے ہیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے بعد پہلا بیان امریکی وقت کے مطابق رات 8 بجے جاری ہوا۔
لگ بھگ یہی وہ وقت تھا جب چینی آن لائن کمپنیوں کی جانب سے ایسی ٹی شرٹس فروخت کے لیے پیش کر دی گئیں جن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی مکا لہرانے کی تصویر موجود تھی۔
ایک مقبول چینی ای کامرس پلیٹ فارم کی جانب سے امریکی وقت کے مطابق 8 بج کر 40 منٹ پر ٹی شرٹس کو فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا، اس وقت تک دنیا بھر میں بیشتر حکومتوں کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا۔
ایک 25 سالہ چینی خاتون نے چین میں اس ٹی شرٹ کو آن لائن فروخت کے لیے پیش کیا۔
لی جن وائی نامی خاتون کے مطابق ہم نے آن لائن پلیٹ فارم پر خبر دیکھتے ہی ٹی شرٹ کو فروخت کے لیے پیش کر دیا تھا، جبکہ اس وقت تک ہم نے انہیں پرنٹ بھی نہیں کیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 3 گھنٹے سے کم وقت میں چین اور امریکا میں ہمیں 2 ہزار سے زائد آرڈرز بھی موصول ہوگئے۔
خاتون کی فیکٹری چینی صوبے Hebei میں واقع ہے اور اس ٹی شرٹ کے لیے انہوں نے انٹرنیٹ سے ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر ڈاؤن لوڈ کرلی اور پھر شرٹس پر پرنٹ کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال امریکی صدارتی انتخابات کے موقع پر ہم نے صرف ڈونلڈ ٹرمپ سے جڑی اشیا تیار کی ہیں کیونکہ ان کے جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں اور وہ چینی عوام میں مقبول بھی ہیں۔