• Fri. Nov 22nd, 2024

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

ٹیکس چوروں اور ان کی معاونت کرنے والوں کیخلاف گھیرا تنگ کیا جائے، وزیر اعظم

Nov 4, 2024

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس چوروں اور ان کی معاونت کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے اور آپ سب کی کوششوں سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ اسٹیٹ بینک نے بھی شرح سود میں 250 پوائنٹس کی کمی کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 250پوائنٹس کی کمی سے شرح سود 17.5 فیصد سے 15 فیصد پر آنا خوش آئند ہے۔ اور شرح سود میں کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں، برآمدات اور روزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہو گا۔ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد تک آگئی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ قومی و بین الاقوامی ادارے ملکی معیشت کے استحکام کی گواہی دے رہے ہیں۔ جبکہ ملک میں انتشار پھیلانے اور خدا نخواستہ ملک کو دیوالیہ کرنے کے دہانے پر پہنچانے والوں کے ناپاک منصوبے ناکام ہوئے۔ ملک کی بقاء کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دینے والوں کو تاریخ ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ مؤرخ جب تاریخ لکھے گا تو واضح طور پر ملک کے خیر خواہوں اور آئی ایم ایف کو قرض دینے سے روکنے کے لیے خط لکھنے والوں کے بارے لکھے گا۔ آپ سب وہ عظیم لوگ ہیں جنہوں نے اپنی سیاست کی پرواہ کیے بغیر 24 کروڑ عوام کے بارے سوچا۔

وزیراعظم نے کہا حالیہ دورہ سعودی عرب میں پاکستان سعودیہ سرمایہ کاری شراکت داری میں نئے باب کا اضافہ ہوا۔ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں سعودی قیادت بالخصوص ولی عہد محمد بن سلمان سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ دوست اور شراکت دار ہے۔ سعودی قیادت نے پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے ہر قسم کی معاونت کی یقین دہانی کروائی ہے۔ سعودیہ کی پاکستان میں حالیہ سرمایہ کاری کا حجم 2.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہوجائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اپنے دورہ قطر کے دوران قطری قیادت نے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے اضافے کی یقین دہانی کروائی۔ اور پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے 3 ارب ڈالر کو منصوبوں کی شکل دینے کی بات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان کے ہوابازی، ہوٹلنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت دیگر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔ حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کی سہولت اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے ہر شعبے میں اصلاحات کا ایجنڈا نافذ کر رہے ہیں۔ جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ہدایت کی ہے کہ ایسے لوگ جو ٹیکس دیتے ہیں۔ وہ پاکستان کے سفیر ہیں۔ ان کی تکریم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ جو ٹیکس دینے کے اہل ہونے کے باوجود ٹیکس چوری کرتے ہیں۔ اور افسران جو انکی چوری میں معاونت کرتے ہیں ان کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔