• Sat. Nov 23rd, 2024

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

پاکستان کو بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی مل گئی

May 16, 2024

کراچی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے پہلے پاکستان میں کرکٹ کا ورلڈ کپ کھیلا جائے گا۔

چیئرمین بلائنڈ کرکٹ کونسل پاکستان سید سلطان شاہ کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان کو  بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی دے دی، چوتھا بلائنڈ ورلڈ کپ 22 نومبرتا 3 دسمبر شیڈول ہے۔ بھارت نے سب سے پہلے شرکت کی تصدیق کی ہے۔ نیپال، نیوزی لینڈ، ساؤتھ افریقہ، بنگلادیش، سری لنکا نے بھی تصدیق کردی۔

سید سلطان شاہ نے کہا کہ قوی امکان ہے کہ بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان آئے گی، ویسٹ انڈیز کی  بھی شرکت کا امکان روشن ہے، بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کو فائدہ ہوگا، بھارت کا ورلڈکپ میں آنا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اہم ہے، چاہتے ہیں سندھ حکومت کے تعاون سے ورلڈ کپ کا انعقاد کراچی میں ہو۔

دریں اثنا سندھ کے وزیر برائے کھیل وامورنوجوان سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ  رواں سال پاکستان میں چوتھے ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کاانعقاد خوش آئند ہے، حکومت سندھ کراچی میں اس میگا ایونٹ کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔ ورلڈ کپ کے کراچی میں انعقاد کیلئے میں اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔

سردار محمد بخش خان مہر نے اس ضمن میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بات کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم اس اہم موقع کو جانے نہیں دیں گے، بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی سے نہ صرف  ملک میں انٹرنیشنل اسپورٹس کی بحالی کی راہیں مزید ہموار ہوں گی بلکہ ہمارے کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں اپنے ہوم گراؤنڈز اورتماشائیوں کے سامنے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع بھی میسر آئے گا۔