اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ممتاز اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی، پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجزز، بین المذاہب ہم آہنگی سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی، اس موقع پرمعروف مذہبی اسکالر نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو اپنے اختلافات کو بھلا کر قرآن و سنت کی روشنی میں متحد ہونے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر ذا کر نائیک نے کہا کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا دین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے تبلیغی کام کا مقصد دنیا میں اسلام کے امن اور محبت کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنا ہے، ملاقات کے دوران ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اتحاد بین المسلمین اور اور اسلام کے حقیقی پیغام کو دنیا میں پھیلانے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے،اسلامی تعلیمات امن، رواداری اور محبت کا پیغام دیتی ہیں،انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو متحد ہونے اور ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلنے کی ضرورت ہے۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ذا کر نائیک کا دنیا میں اسلام کے امن اور محبت کے پیغام کو عام کرنے میں کاوشیں قابل ستائش ہیں، آئین پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، یہاں اقلیتوں کو ان کے حقوق کا مکمل تحفظ حاصل ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، بعد ازاں سردار ایاز صادق کے ہمراہ ڈاکٹر ذا کر نائیک نے ایوان کا دورہ بھی کیا۔