پشاور: خیبر پختونخوا میں امن و امان کی خراب صورت حال پر پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نے تحریک التوا جمع کرادی۔
گورنر پختونخوا کے بھائی احمد کنڈی نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوا جمع کرائی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں لاقانونیت بڑھ رہی ہے، لوگوں نے اپنی طرف سے سزا و جزا کا سلسلہ شروع کردیا ہے، جس کا زندہ ثبوت گزشتہ دنوں مدین سوات میں پیش آنے والا واقعہ ہے۔ ان واقعات کی وجہ سے عوام میں سخت خوف و بے چینی پائی جاتی ہے۔
احمد کنڈی نے تحریک التوا میں کہا کہ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور دہشت گردی کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں۔ صوبائی اسمبلی کی معمول کی کارروائی روک کر صوبے میں امن و امان کی ابتر صورت حال پر بحث کی اجازت دی جائے۔
تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں نہ صرف ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان شہید ہو رہے ہیں بلکہ سرکاری املاک اور وطن عزیز کی ساکھ کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس کے علاوہ ملک خداداد خصوصاً پختونخوا میں لاقانونیت روز بروز بڑھ رہی ہے۔
احمد کنڈی نے کہا کہ قاعدہ 73 کے تحت اس تحریک التوا کو تفصیلی بحث کے لیے منظور کیا جائے تاکہ صوبے کے موجودہ حالات کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر نتائج حاصل تفصیلی بحث کی جا سکے۔