آٹا مزید سستا ہو گیا ، پشاور میں 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 300 جبکہ پنجاب میں 200 روپے کی کمی ہو گئی۔
چیئرمین فلور ملزایسوسی ایشن عاصم رضا نے کہا کہ پنجاب میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی نئی قیمت 2 ہزار روپے ہو گئی ہے ۔
چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق گندم کی قیمت کم ہونے سے آٹا سستا ہوا ہے، فلور ملز نے کسانوں سے گندم کی خریداری شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب پشاور میں آٹے کے نرخ مزید کم ہو گئے، 300 روپے کی کمی کے بعد 20 کلو آٹے کا تھیلا 1900 روپے کا ہو گیا ہے۔ آٹا ڈیلرز نے بتایا کہ آٹے کی قیمت میں مزید کمی آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران آٹے کی قیمت میں ایک ہزار روپے کمی آئی ہے، تاہم قیمت میں کمی کے باوجود کم وزن کی روٹی کی فروخت جاری ہے۔