• Sat. Nov 23rd, 2024

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

پی سی بی نے بابر اعظم کا استعفیٰ منظور کر لیا

Oct 2, 2024

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کا استعفیٰ منظور کر لیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ بابر اعظم نے منگل کی شام پاکستان مینز وائٹ بال کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا جسے منظور کر لیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق بابر اعظم کا یہ فیصلہ بیٹنگ پر توجہ دینے کی خواہش ظاہر کرتا ہے، قومی سلیکشن کمیٹی کو مستقبل میں وائٹ بال کرکٹ کی حکمتِ عملی بنانے کا عمل شروع کرنے کا کام سونپا گیا ہے جس میں نئے کپتان کی سفارش بھی شامل ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگرچہ پی سی بی نے بابر اعظم کے وائٹ بال کے کپتان کے طور پر حمایت کی تھی لیکن ان کا مستعفی ہونے کا فیصلہ ایک کھلاڑی کے طور پر بہت زیادہ توجہ دینے کی خواہش ظاہر کرتا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور پاکستان کرکٹ سے وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

دوسری جانب بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے کھیلنا ہمیشہ میرے لیے سب سے بڑا اعزاز رہا ہے اور میں نے ہمیشہ ٹیم کی کامیابی کو ہر چیز پر فوقیت دی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کپتان کے عہدے سے سبکدوش ہونے سے مجھے بطور کھلاڑی ٹیم کے لیے اور بھی زیادہ کام کرنے میں مدد ملے گی اور میں اس راستے پر پوری طرح سے پُرعزم ہوں۔

سابق کپتان نے کہا ہے کہ ٹیم کی کامیابی سب سے اہم ہے، مجھے 5 قابلِ ذکر سال تک پاکستان کی قیادت کرنے کا اعزاز حاصل ہے، ہمیشہ کپتان اور کھلاڑی دونوں کے طور پر اپنا بہترین پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرحلے پر مجھے پختہ یقین ہے کہ میں اپنی بیٹنگ پر توجہ دے کر بڑا اثر ڈال سکتا ہوں، میں اپنی کپتانی کے دوران اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور پی سی بی کے مسلسل تعاون کا شکر گزار ہوں۔