• Mon. Mar 17th, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

کرم میں حالات کشیدہ؛ عدالت میں ویڈیو لنک کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ

Mar 17, 2025

پشاور:

کرم میں کشیدہ حالات کی وجہ سے عدالت میں ویڈیو لنک کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کرم میں کشیدہ حالات کے باعث دیوانی مقدمے کے ٹرانسفر سے متعلق درخواست پر سماعت پشاور ہائی کورٹ میں قائم مقام چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کی ، جس میں عدالت نے کرم میں ویڈیو لنک کی سہولت فراہم کرنے کرنے کا فیصلہ  کیا۔

قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ کرم صورتحال کے باعث عدالتوں میں گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔

درخواست گزار کے وکیل  نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے میں انجینئرنگ یونیورسٹی کے ملازم گواہ ہیں۔ حالات خراب ہیں، صدہ سیشن کورٹ میں گواہ کا بیان قلمبند نہیں ہورہا۔

قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ ہم ویڈیو لنک کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کریں گے۔ پورے صوبے میں ویڈیو لنک کی سہولت موجود ہے۔ ایک کیس کو ہم ٹرانسفر نہیں کر سکتے۔ کرم میں بھی سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ہم  یورپ، امریکا اور دیگر ممالک سے ویڈیو لنک پر بیانات لے رہے ہیں۔  اس سلسلے میں آرڈر کرتے ہیں۔