• Sat. Nov 23rd, 2024

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ملک بھر کی عدالتوں میں ہڑتال کی کال دیدی

May 8, 2024

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل نے عدالتوں میں ہڑتال اور ملک گیر احتجاج کی کال دے دی۔

بار ایسوسی ایشن کے مطابق کل 9 مئی کو عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا، ہائیکورٹ کے باہر وکلاء پر بدترین تشدد اور گرفتاریاں کی گئیں، جبکہ وکلاء کیخلاف سنگین دفعات کے تحت مسلسل مقدمات کا اندارج بھی کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں وکلاکیساتھ پیش آنے والے واقعہ پر پاکستان بار کونسل کی جانب سے بھی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ لاہور میں پر امن وکلا کے احتجاج پر پولیس کی جانب سے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔ وکلا کیساتھ بدترین تشدد کیخلاف کل 9 مئی کو ملک گیر ہڑتال کریں گے۔

اعلامیہ کے مطابق پولیس شیلنگ اور لاٹھی چارج سے متعدد وکلا زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ وکلا کی جانب سے سول عدالتوں کی منتقلی اوردہشت گردی کے مقدمات کے خلاف وکلا نے ایوان عدل سے لاہور ہائیکورٹ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی احتجاجی مظاہرین جی پی او چوک پہنچے تو پولیس نے وکلاء کو ہائیکورٹ میں داخلے سے روکنے کی کوشش کی۔

وکلا کے احتجاج کے دوران پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی، پولیس نے وکلا پر بدترین لاٹھی چارج کیا اور انہیں منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔

پولیس کی جانب سے وکلاء کو منتشر کرنے کے لئے واٹر کینن کا استعمال بھی کیا گیا، پولیس نے جی پی او چوک کا کنٹرول سنبھال کر مظاہرین کو وہاں سے منتشر کر دیا۔

پولیس نے مظاہرے میں شریک وکلا کو گرفتار بھی کیا، وکلا نے جی پی او چوک اور ہائیکورٹ کے باہر لگے بیریئرز کو ہٹا دیا، وکلا کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا جس کے نتیجے میں ایس پی ماڈل ٹاؤن زخمی ہوئے۔