• Sat. Nov 23rd, 2024

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

پاکستان کیساتھ مختلف شعبوں میں شراکت داری چاہتے ہیں: وزیرِ خارجہ آذربائیجان

May 30, 2024

آذربائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بئیراموو نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارت کے شعبے میں مواقع موجود ہیں، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں شراکت داری چاہتے ہیں۔

آذر بائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بئیراموو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفتر خارجہ پہنچ گئے۔

وزیرِ خارجہ اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

بعد میں مشترکہ نیوز کانفرنس میں آذر بائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بئیراموو نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو آذر بائیجان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے یو این کی قراردادوں کے مطابق حل کی حمایت کرتے ہیں۔

آذر بائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بئیراموو نے یہ بھی کہا کہ رفح حملوں کی فوری بندش کا مطالبہ اور مسئلہ فلسطین کے 2 ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں۔

وزیرِ خارجہ اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات ہیں، باہمی سرمایہ کاری سے متعلق دونوں ممالک کے درمیان گفتگو ہوئی ہے، پاکستان آذر بائیجان کی آزادی اور علاقائی خود مختاری کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان ثقافتی تعلقات میں بندھے ہیں، آذر بائیجان کے ساتھ عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھائیں گے۔

وزیرِ خارجہ اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک او آئی سی اور ای سی او فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان ماحولیاتی تبدیلوں سے سب سے زیادہ متاثرہ 7 ممالک میں سے 1 ہے۔