• Fri. Nov 22nd, 2024

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

پاکستان کا ایم ایم ون ’’پاک سیٹ‘‘ سیٹلائٹ لانچ کر دیا گیا

May 30, 2024

پاکستان کا ایم ایم ون ’’پاک سیٹ‘‘ سیٹلائٹ لانچ کر دیا گیا ہے۔

سیٹلائٹ مشن چین کے شی چانگ خلائی سینٹر سے زمین کے مدار میں روانہ کیا گیا، سپارکو کے مطابق ایم ایم ون ’’پاک سیٹ‘‘ سیٹلائٹ سپارکو اور چین کی خلائی ایجنسی کی مشترکہ کاوش ہے۔

ایم ایم ون سیٹلائٹ مشن سے ڈیجیٹل پاکستان کا خواب پورا ہو گا ،ایم ایم ون دور درازعلاقوں میں ہائی اسپیڈ کنیکٹوٹی اور براڈ بینڈ سروسز میں مدد دے گا۔

سیٹلائٹ کو ملک کی مواصلات اور رابطے کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے،پاک سیٹ ایم ایم ون رواں برس اگست میں سروس فراہم کرنا شروع کر دے گا۔

ایم ایم ون ’’پاک سیٹ‘‘ سیٹلائٹ کی زندگی 15 سال ہو گی،ایم ایم ون سیٹلائٹ جدید کمیونی کیشن سروسز فراہم کرے گا ،سیٹلائٹ سے ٹی وی نشریات، سیلولر فون سروس اور براڈبینڈ سروس بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

سیٹلائٹ خراب ترین موسمی حالات میں بھی مستحکم کنیکٹوٹی فراہم کرے گا،سیٹلائٹ ملک کو ڈیجیٹل پاکستان میں تبدیل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا ،سیٹلائٹ زمین سے 36ہزار کلومیٹر کی اونچائی پر مدار میں داخل کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیٹلائٹ زمین کے مدار میں بھیجنے پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے،اپنے بیان میں انہوں نے کہا پاک سیٹ ایم ایم ون مدار میں بھیجے جانے سے عظیم سنگ میل عبور کر لیا گیا۔

مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے سائنسدانوں کی اس شاندار کامیابی پر فخر ہے ،چین کے لانچنگ سینٹر سے خلا میں بھیجا جانا پاک چین مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے۔

سیٹلائٹ سے پورے پاکستان میں تیز ترین انٹر نیٹ کی سہولت فراہم کی جا سکے گی ،پاکستان کے عوام جدت اور ٹیکنالوجی کے ثمرات سے استفادہ کر سکیں گے ،سیٹلائٹ مواصلاتی نظام میں نئی روح پھونکے گا۔