آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 104 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ سی کے میچ میں دونوں ٹیمیں سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوئیں جہاں افغانستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز اسکور کیے۔
پہلی اننگز
ویسٹ انڈیز کے نکولس پورن نے 8 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 53 گیندوں پر 98 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور رن آؤٹ ہوئے جبکہ جانسن چارلس نے 43، روومن پاؤل نے 26 اور شائے ہوپ نے 25 رنز اسکور کیے۔
افغانستان کے گلبدین نائب نے 2 اوورز میں 14 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عظمت اللہ عمر زئی نے ایک اور نوین الحق نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری اننگز
ویسٹ انڈیز کے 219 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور پہلے ہی اوور میں عقیل حسین نے رحمان اللہ گرباز کو آؤٹ کر دیا، جس کے بعد گلبدین نائب بھی 7 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، ابراہیم زدران اور عظمت اللہ عمر زئی نے کچھ مزاحمت کی اور دونوں بیٹرز نے بالترتیت 38 اور 23 رنز اسکور کیے۔
ان کے علاوہ کوئی بھی افغان بیٹر ویسٹ انڈین بولرز کے سامنے نہ ٹک سکا اور پوری ٹیم 17 ویں اوور میں 114 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے عبید مک کوئے نے 3 جبکہ عقیل حسین اور گداکیش موتی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک ایک کھلاڑی کو آندرے رسل اور جوزف الرازی نے بھی آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ افغانستان اور ویسٹ انڈیز کی دونوں ہی ٹیمیں ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں 6-6 پوائنٹ حاصل کرکے سپر 8 کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔