• Sat. Nov 23rd, 2024

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

وزیراعظم شہباز شریف آج تاجکستان کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہونگے

Jul 2, 2024

وزیراعظم شہباز شریف آج 2 روزہ دورے پر تاجکستان روانہ ہوں گے، تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم 3 سے 4 جولائی تک قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت اور خطاب کریں گے۔

سربراہی اجلاس میں وزیراعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔ پاکستانی وزیراعظم کے دورے میں دونوں ممالک کے درمیان ہمہ جہتی امور پر معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف چینی و روسی صدور سے الگ الگ اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں کے علاقائی صورتحال پر اہم اثرات مرتب ہوں گے۔

یہ ملاقاتیں آستانہ میں منعقد ہونے والی ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ (سی ایچ ایس) اور ایس سی او پلس کی جڑواں سربراہی کانفرنسوں کے دہانے پر ہوں گی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔