صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے تمام پاکستانیوں سے مون سون شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی درخواست کی ہے۔
مون سون شجرکاری مہم کے لیے جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ مون سون شجر کاری مہم قدرتی حسن اور وسائل کے تحفظ کا اہم پہلو ہے۔ بڑھتے ماحولیاتی مسائل کے پیشِ نظر شجر کاری کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ رسول اللّٰہ ﷺ نے بھی درخت لگانے کی ترغیب دی ہے۔ تمام پاکستانی بالخصوص نوجوان مون سون شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کُل رقبہ کا صرف 5 فیصد حصہ جنگلات سے ڈھکا ہوا ہے۔ لکڑی کی بڑھتی مانگ اور دیگر زمینی استعمال کے باعث جنگلات پر شدید دباؤ ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ جنگلات کا فروغ پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے میں اولین ترجیح ہے۔ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ملک میں جنگلات کے فروغ کا قومی مقصد حاصل کیا جا سکے گا۔