الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کر دی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نےاس حوالے سے اعلامیہ جاری کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات اب 9 اکتوبر 2024 ء کو ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 28 اگست تک بڑھا دی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے مختلف سیاسی پارٹیوں کی درخواستوں پر تاریخ میں توسیع کی،متوقع امیدواروں کی انتخابی عمل میں شمولیت کے لیے تاریخ بڑھائی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق انتخابی عمل میں حصہ لینے کے لیے ہر ممکن سہولت کے لیے تاریخ بڑھائی گئی ہے، اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ آج ختم ہو رہی تھی۔
الیکشن کمیشن نے تجدید شدہ الیکشن پروگرام کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 29 ستمبر کو کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔