میئر مردان حمایت اللّٰہ مایار کا کہنا ہے کہ کسی نے جامعات کی اراضی خریدنے کی کوشش کی تو اس کا گھر گرا دیں گے۔
حمایت اللّٰہ مایار نے جامعات کی اراضی فروخت کرنے سے متعلق اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زمینیں خریدنے والوں کے پیچھے بندوق اور ڈنڈوں سمیت جائیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ مردان کے بچوں کا مستقبل فروخت نہیں کرنے دیں گے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر برائےاعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے میئر مردان حمایت اللّٰہ مایار کے اس ردِعمل پر’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میئر مردان اور ان کی پارٹی کا اسی غنڈہ گردی سے یہ حال ہوا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میئر مردان کو بدمعاشی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
مینا خان آفریدی نے کہا کہ اے این پی جامعات کی زمینوں کے مسئلے پر سیاست کر رہی ہے، مردان میں 36 ہزار کنال سرکاری اراضی تھی تو اے این پی نے مزید کیوں خریدی؟
اُنہوں نے کہا کہ اے این پی نے گڑھے کھودے اب ہم اس کا حل نکال رہے ہیں، جامعات اراضی فروخت کرنے سے متعلق کمیٹی قائم کی ہے، جامعات ختم کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کا کہنا ہے کہ جامعات کی بہتری کے لیے ٹاسک فورس قائم کی ہے جلد ہی سفارشات پیش کریں گے۔