رحمت اللعالمین، خاتم النبیین، نبی کریم حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن آج مذہبی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔
شہر، شہر، گلی، گلی چراغاں، مساجد، بلند عمارتوں، بازاروں اور چوراہوں پر سبز پرچموں کی بہار ہے۔
اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔
جشنِ عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر درود و سلام کی محفلیں سجاکر آقائے دو جہاں سے محبت کا اظہار کیا جارہا ہے۔
کراچی میں شہریوں کی بڑی تعداد اس موقع پر قریہ قریہ ہونے والے چراغاں کو دیکھنے نکلی ہوئی ہے۔
جگہ جگہ اسٹالز پر کہیں موئے مبارک کا دیدار کیا جارہا ہے تو کہیں مسجد نبوی اور خانہ کعبہ کے ماڈلز رکھے گئے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں عاشقان رسول نے محافل میلاد کا انعقاد کیا اور ریلیاں نکالیں۔
لاہور میں بھی عید میلاد النبی کے سلسلے میں مساجد، گھروں، سڑکوں، سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔
میلاد النبی کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔
پشاور میں رحمت اللعالمین کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لیے نعت خوانی اور میلاد مصطفیٰ کی محافل کا انعقاد کیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں بھی جگہ جگہ چراغان کیا گیا ہے، محافل نعت اور میلادالنبی کے جلوس کا اہتمام کیا گیا۔
راولپنڈی میں جشن میلاد النبی کے سلسلے میں ہر سو رنگ و نور کی بہار ہے۔
حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں عاشقان رسول نے ریلیاں نکالیں اور محافل نعت کا اہتمام کیا گیا۔
پنجاب میں ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں بھی محافل کا اہتمام کیاگیا، بہاولنگر میں مشعل بردار ریلی نکالی گئی اور 92 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔
دوسری جانب کراچی میں عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ریلیوں اور جلوسوں کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔