وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی پرچی پر آیا ہوا بندا ہے ، یہ سب بلاول بھٹو کے کہنے پر کر رہا ہے۔
’اختیار عوام کا‘ پورٹل کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہم اختیارات عوام کو منتقل کر رہے ہیں، پورٹل کے ذریعے عوام شکایات درج کرا سکتے ہیں، پورٹل سے پتہ چلے گا کہ آپ کے ٹیکس کے پیسوں سے کیا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کس ادارے کے پاس کتنی شکایات موصول ہوئیں، پورٹل پر اپلوڈ ہونگی، عوام کو اختیارات ملیں گے تو مسائل حل ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی صرف اہمیت چاہتے ہیں،آئینی طور پر گورنر سیاسی بیانات نہیں دے سکتا ، ملک کی جمہوریت پر ڈاکا ڈالا گیا ہے، یہ فارم 47 پر آئے ہوئے لوگ ہیں، ان کو گورنر بنا دیا، گورنر پر میں پریشر ڈالتا ہوں تو رونے لگتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیصل کریم کنڈی پر میں نے اسلام آباد کا گورنر ہاؤس بند کر دیا ہے، یہ چاہتا ہے کہ پشاور میں گورنر ہاؤس بھی بند کر دوں ، فیصل کنڈی پر گورنر ہاؤس راس نہیں آ رہا، ان کو میں کسی اینیکسی میں بھیجوں گا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اللّٰہ کے بندے آرام سے اچھے بھلے گورنر ہاؤس میں بیٹھے رہو، ٹک ٹاک بناتے رہو، ایک ٹک ٹاکر پنجاب میں بیٹھی ہے اور ایک گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا میں بیٹھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان قونصلیٹ نے وضاحت جاری کر دی ہے، افغان سفیر کا موقف ہے کہ ترانے میں میوزک تھا، اس لئے افغان سفارتکار کھڑے نہیں ہوئے۔