• Sat. Nov 23rd, 2024

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

احتجاج کی تاریخ کا اعلان ہوگیا، اس بار مطالبات کی منظوری تک واپسی نہیں ہوگی: علی امین

Nov 13, 2024

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے احتجاج کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے، اس بار مطالبات کی منظوری تک واپس نہیں ہو گی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا ملک کے مختلف تعلیمی بورڈز کی طالبات کے کھیلوں کے مقابلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا نوجوان چیلنجز کا مقابلہ کریں گے تو مضبوط انسان بنیں گے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ وسائل کے اندر نوجوانوں کو مواقع دیں، بلند حوصلے اور محنت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے مقابلوں میں شریک تمام ٹیموں کے لیے 50 ہزار روپے فی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ بچے ہمارے ملک کو مشکل سے نکالیں گے۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ بڑا انسان وہ ہوتا ہے جس کے بڑے خواب ہوتے ہیں، بچیوں پر زیادہ انوسٹ کرو، ہماری بچیاں ہمارا اثاثہ ہیں، کے پی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ اپنے بچوں کو تمام سہولیات دے، امید ہے کہ آپ ایک عظیم قوم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا علیمہ خان نے احتجاج کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے، احتجاج کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا اس دفعہ کوئی واپسی نہیں ہے، جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے واپسی نہیں ہو گی۔

خیال رہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی کال دی ہے جس کی تصدیق ان کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کی۔