حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا چوتھا اجلاس طلب کرلیا گیا، اسپکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے 28 جنوری کو اجلاس طلب کرنے کا نوٹس جاری کردیا۔
مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس کا چوتھا مذاکراتی اجلاس 28 جنوری کوپارلیمنٹ ہاوس میں ہوگا، جس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کریں گے۔
جاری نوٹس کے مطابق اجلاس پارلیمنٹ ہاوس کے کانسٹیٹیوشن روم میں پونے 12 بجے ہوگا اور یہ ان کیمرا اجلاس ہوگا۔
قبل ازیں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں چیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی بحالی پر دوبارہ غور کرنے کے لیے حکومت کمیشن کا اعلان کرے، ابھی کس چیز نے روکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مذاکرات ہولڈ کیے ہیں اس لیے حکومت کم سے کم یہی کہہ دے کہ کمیشن بننے جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کی چوتھی نشست سے قبل ضروری ہے کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے۔ ہماری مذاکراتی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سے قبل ہم چوتھے راؤنڈ میں شرکت نہیں کریں گے۔
گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جوڈیشل کمیشن نہ بننے پر مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ حکومتی مذاکرتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن سے متعلق کمیٹی نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
یاد رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان اس سے قبل مذاکرات کے 3 دور ہوچکے ہیں، تحریک انصاف نے تیسرے اجلاس میں اپنے مطالبات تحریری طور پر پیش کیے تھے۔ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے مطالبات کا جواب دینے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔