• Mon. Dec 1st, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے لوئر دیر میں کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔

Nov 16, 2025

فتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ صوبہ قدرتی آبی وسائل کو بروئے کار لا کر توانائی کے شعبے میں خود کفالت اور معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق 40.8 میگاواٹ پر مشتمل اس اہم منصوبے پر 21.7 ارب روپے کی لاگت آئی ہے، جو سالانہ 207 ملین یونٹس بجلی پیدا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے سے ہر سال تقریباً 2.4 ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے، جو صوبے کی معاشی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے تورمنگ تا رازگرام 18.5 کلومیٹر طویل سڑک کا افتتاح بھی کیا جس پر 1.5 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صاف اور کم لاگت توانائی کی فراہمی نہ صرف صنعتی سرگرمیوں کو بڑھائے گی بلکہ روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا کرے گی۔

سہیل آفریدی نے مزید بتایا کہ صوبہ اپنی پہلی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھا رہا ہے، جس کے ذریعے 11 ہائیڈرو منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی صوبے کے مختلف علاقوں تک پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی پاور ہاؤسز کی بجلی صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائے گی تاکہ صنعتی شعبے کو فروغ ملے اور ترقی کا عمل تیز ہو۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ غیر ملکی انجینیئرز کے لیے این او سی کے اجرا میں تاخیر کی وجہ سے اربوں روپے کے منصوبے سست روی کا شکار ہیں، جس کا نقصان صرف صوبے تک محدود نہیں بلکہ پورے ملک کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابقہ حکومت کے شروع کردہ ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح پر مبنی تھے اور انہیں مکمل کرنے کے لیے تمام اداروں کو تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ وفاق کی جانب سے صوبے کے 3 ہزار ارب روپے واجب الادا ہیں جو تاحال ادا نہیں کیے گئے، اور اس مالی خلا نے متعدد منصوبوں کو متاثر کیا ہے۔

آخر میں انہوں نے زور دیا کہ کوٹو ہائیڈرو پراجیکٹ سمیت تمام جاری ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔