چارسدہ: قومی وطن پارٹی نے جے یو آئی کی اہم وکٹ حاصل کرلی۔ جے یو آئی کے ضلعی رہنما مولانا پیر صفی اللہ اپنے خاندان اور متعدد ساتھیوں کے ہمراہ قومی وطن پارٹی میں شامل ہوگئے۔ اس سلسلے میں کیو ڈبلیو پی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات شیرپاؤ نے چارسدہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت امن و امان، ریلیف اور اچھی حکمرانی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، اور صوبہ شدید انتظامی بحران اور بڑھتی ہوئی بدامنی کا شکار ہے۔
سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ہر طبقۂ فکر کی نمائندہ جماعت ہے۔ حکمران جماعت کی غلط پالیسیوں نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی توجہ عوامی مسائل کے حل کے بجائے صرف عمران خان کی رہائی پر مرکوز ہے، جبکہ صوبہ بنیادی سہولیات، تعلیم، صحت اور روزگار جیسے بنیادی حقوق سے محروم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی اپنے عروج پر ہے اور بجلی و گیس کی مسلسل لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ 2013 سے تحریک انصاف مسلسل برسراقتدار ہے، مگر عوام آج تک بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ’ایمرجنسی‘ کے تمام دعوے محض دعوے ہی ثابت ہوئے۔
صوبائی چیئرمین نے سرکاری اسکولوں اور اسپتالوں کی نجکاری کو عوام دشمن پالیسی قرار دیا اور کہا کہ اس اقدام سے عوام کو کسی قسم کا فائدہ نہیں پہنچے گا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں بدامنی مسلسل بڑھ رہی ہے اور لوگ شام کے بعد گھروں سے نکلنے سے خوفزدہ ہیں۔ موجودہ حالات میں حکومت کا حالیہ جرگہ عوام کو دھوکا دینے کی ایک کوشش ہے۔
پریس کانفرنس میں فاروق افضل، ہاشم خان اور مسعود جبار سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ اسی دوران مولانا پیر صفی اللہ اپنے خاندان اور ساتھیوں کے ہمراہ باضابطہ طور پر قومی وطن پارٹی میں شامل ہو گئے۔
